حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے 5 اگست، قائدِ شہید حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید عارف حسین الحسینیؒ کی 38ویں برسی کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا: قائدِ شہیدؒ نے اپنے مختصر مگر انتہائی مؤثر دورِ قیادت میں ملتِ جعفریہ پاکستان میں بیداری کی ایک نئی لہر پیدا کی اور ملتِ تشیع کے دینی، ملی اور آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔
انہوں نے کہا: قائدِ شہیدؒ نے ہر محاذ پر جرأت، حکمت اور استقامت کے ساتھ قیادت کا حق ادا کیا اور ایک ایسے نازک اور فرقہ وارانہ ماحول میں اتحادِ بین المسلمین، اخوت، رواداری اور امتِ مسلمہ کی وحدت کا جامع اور خوبصورت تصور پیش کیا جو آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔
علامہ عارف حسین واحدی نے کہا: پوری قوم کو قائدِ شہیدؒ کی قیادت پر فخر تھا اور آج بھی ملت انہیں اپنا گراں قدر سرمایہ اور عظیم سرمایۂ افتخار سمجھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا: قائدِ شہیدؒ کی شہادت نے پوری ملت کو غم و اندوہ میں مبتلا کر دیا اور ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے اس عظیم رہبر کی شہادت سے ملت یتیم ہو گئی ہو، تاہم اللہ تعالیٰ کا بے پایاں شکر ہے کہ قائدِ شہیدؒ کے بعد ان کے دیرینہ رفیق، قابلِ اعتماد ساتھی اور مخلص شخصیت قائدِ ملتِ جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی صورت میں ملت کو ایسی قیادت عطا فرمائی گئی جن کی رہنمائی میں ملت آج بھی استقامت، شعور اور اتحاد کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔
مرکزی نائب صدر شیعہ علما کونسل نے کہا: قائدِ شہیدؒ نے پاکستان میں انقلابِ اسلامی اور رہبرِ کبیر انقلابِ اسلامی حضرت امام خمینیؒ کے افکار و نظریات اور نظریۂ ولایتِ فقیہ کو بھرپور انداز میں روشناس کرایا۔ امام خمینیؒ نے آپ کو پاکستان میں اپنا نمائندہ مقرر فرمایا اور آپ نے اس ذمہ داری کو نہایت اخلاص، بصیرت اور جرأت کے ساتھ ادا کیا۔
انہوں نے کہا: قائدِ شہیدؒ نے قوم میں سیاسی شعور بیدار کیا اور پوری جرأت کے ساتھ اس حقیقت کو واضح کیا کہ اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے اور سیاست دین سے جدا نہیں ہو سکتی۔ آپ فرمایا کرتے تھے کہ دین سیاست کے بغیر نامکمل ہے۔ اسی فکر کی بنیاد پر آپ نے پاکستان میں ایک صالح، عادلانہ اور اسلامی نظام کے قیام کی جدوجہد کو اپنی تحریک کا بنیادی ہدف قرار دیا۔
علامہ عارف حسین واحدی نے آخر میں دعا کی: اللہ تعالیٰ قائدِ شہید حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید عارف حسین الحسینیؒ کے درجات بلند فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ہمیں ان کے افکار، بصیرت، شجاعت اور وحدتِ امت کے پیغام کو آگے بڑھانے میں کامیاب فرمائے۔ آمین یا رب العالمین









آپ کا تبصرہ